28 مئی ، 2023
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں دو طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی اور اس پر آج رات ہی عمل ہونا تھا۔
ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ملک کی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، گفتگو پی ٹی آئی کے رہنما کے گھر چھاپے سے متعلق ہے اور دوسرا ڈرامہ یہ تھا کہ ریپ ایکٹ کیاجائے، مقصد تھا کہ ریپ ایکٹ کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگایاجائے اور ریپ ایکٹ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایاجائے۔
ان کا کہنا تھاکہ منصوبہ بنایا گیا کسی پی ٹی آئی رہنما کے گھر چھاپے کے دوران فائرنگ بھی ہو، انہوں نے اب انتہائی گھٹیا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کی ہے، عمرانی فتنے کا مقصد تھا کہ لوگوں کو گمراہ کیاجائے، یہ ڈرامہ آج رات کیے جانے کا امکان تھا لیکن ایجنسیوں نے بروقت اسے ناکام بنایا۔
وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ انہوں نے نو مئی کو قوم اور ملک کے ساتھ ظلم کیا، شہدا کی فیملی کو انہوں نے دکھ اور رنج سے دوچار کیا، انہوں نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ جب یہ ٹولہ ناکام ہوا تو کوشش کی کہ اس معاملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رنگ دیا جائے، انہوں نے زلمے خلیل زاد جیسے لابسٹ کی مدد حاصل کی، اب انہوں نے انتہائی گھٹیا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے برقت اس ڈرامے کو پکڑا ہے، اندیشہ تھا کہ یہ آج رات ہی کسی جگہ ڈرامہ کرنے والے ہیں۔