28 مئی ، 2023
12 سال کی عمر میں بیشتر بچے پرائمری کلاسز میں ہوتے ہیں مگر امریکا میں ایک لڑکے نے 5 ڈگریاں لے کر گریجویشن مکمل کر لیا ہے۔
کیلیفورنیا کے Fullerton کالج سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ کلوویس ہیونگ نے ایسا کیا۔
اس بچے نے 9 سال کی عمر میں اسکول چھوڑ دیا تھا۔
کلوویس ہیونگ کی والدہ سونگ چوئی نے بتایا کہ 'میرا بیٹا بہت زیادہ باشعور اور پرعزم ہے اور نئے شعبوں کے بارے میں جاننے کا تجسس رکھتا ہے، روایتی اسکول اس کے تجسس کی تشفی نہیں کر سکتے تھے، تو اس کے لیے کالج ہی بہترین انتخاب تھا'۔
کالج کی جانب سے بچے کو خصوصی ایڈمٹ پروگرام کے تحت داخلے کی پیشکش کی گئی تھی۔
آغاز میں کلوویس ہیونگ کو کالج کے نصاب کو پڑھتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہوا مگر بہت جلد اس نے خود کو بدلتے ہوئے زیادہ کلاسز میں جانا شروع کر دیا۔
بچے کو بائیولوجی پڑھانے والے پروفیسر کینتھ کولنز نے بتایا کہ 'آغاز میں ہم فکر مند تھے کہ دیگر طالبعلم چھوٹے بچے کو تنگ نہ کریں، مگر کالج کے طالبعلموں نے اس بچے کے ساتھ اچھا سلوک کیا'۔
کلوویس ہیونگ نے بتایا کہ 'میں سوالات کے جواب کے لیے بڑے طالبعلموں سے رجوع کرتا تھا اور وہ اپنے سوالات کے لیے مجھ سے رجوع کرتے تھے، انہوں نے مجھے اپنا چھوٹا بھائی سمجھا تھا'۔
کالج کی زندگی کا عادی ہونے کے بعد کلوویس ہیونگ نے زیادہ کلاسز میں جانا شروع کیا اور بتدریج اسے آنرز پروگرام کا حصہ بنا دیا گیا۔
20 مئی کو اس بچے نے دیگر 900 طالبعلموں کے ساتھ گریجویشن مکمل کی اور اسے ہسٹری، سوشل سائنسز، سوشل Behavior اینڈ سیلف ڈویلپمنٹ، آرٹس اینڈ ہیومین ایکسپریشن اور سائنس اینڈ Mathematics میں 5 ایسوسی ایٹ آرٹس ڈگریاں دی گئیں۔
اس بچے کو ایرو اسپیس کے شعبے میں دلچسپی ہے جبکہ پائلٹوں کی زندگی بھی پسند ہے۔
اس کے مطابق 'مجھے اپنی پیشرفت پر فخر ہے اور مجھے توقع ہے کہ 16 سال کی عمر میں پائلٹ لائسنس حاصل کرلوں گا'۔