28 مئی ، 2023
ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے کیلئے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا اور انتخابی عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔
آج ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مقامی وقت کے مطابق 5 بجے تک جاری رہے گی۔
حتمی مرحلے میں ووٹنگ کے موقع پر گہما گہمی جاری ہے اور ترک شہری انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، کوئی اپنا طوطا رو کوئی پالتوبھیڑ لے کر ووٹ ڈالنے پہنچا،دلہا دلہن بھی عروسی لباس پہنے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
انتخابات میں ترک شہری اسپتال سے اسٹریچر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترک شہری اسپتال کے بستر پر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچا۔
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد نے تالیاں بجا کر مریض ووٹر کی حوصلہ افزائی کی۔