28 مئی ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن کےمعاملے پر اعجاز الحق سے وضاحت مانگ لی۔
الیکشن کمیشن نے اعجاز الحق کو خط لکھا ہے جس میں کہا گہا ہے کہ کیا مسلم لیگ ضیا کو پی ٹی آئی میں ضم کردیا گیا؟ کیا آپ آئندہ الیکشن تحریک انصاف کےٹکٹ پرلڑیں گے؟
الیکشن کمیشن کے خط پر اعجازالحق نے جواب دیا کہ مسلم لیگ ضیا نے تحریک انصاف سے محض اتحاد کیا، پارٹی ضم نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ ملاقات میں صرف انتخابی اتحاد کیا تھا۔
دوسری جانب اپنے بیان میں مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجاز الحق کا کہنا تھاکہ شہدا کے مجسموں اور دفاعی املاک کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرچکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف جو بھی آواز اٹھائے گا،اس کےسامنے دیوار بن جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے زمان پارک میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اعجازالحق نے ملاقات کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ضیا لیگ کے ضم ہونے اور اعجاز الحق کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی تصدیق کی تھی