30 مئی ، 2023
حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کتنے عمران آئے، کتنے عمران گئے، یہ سارے غبارے ہیں، ایک سوئی چبھی اور ہوا میں غائب ہوگئے۔
گزشتہ روز جناح ہاؤس کا دورہ کرنے کے بعد میڈيا سے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے طُرم خان دیکھے ہیں، عمران خان کی ٹیم میں رہی ہوں، معلوم ہے کہ ان کی تسکین کس چیز میں ہے ،پرانے لوگوں کو بھی پتہ ہے کہ پہلے 6 ماہ میں ہی تماشا شروع ہو گیا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ 9 مئی واقعے کی مذمت کرتی ہوں، شیطانی دماغ نے اللہ کا گھر بھی نہیں چھوڑا ، یہ سب گیس کے غبارے ہیں، عمران خان نے لوگوں کو سیاست کی بجائے عداوت پر اکسایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کو 9 مئی جیسے دن کیلئے ہی تیار کیا گیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ کی سیاست کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، آپ کو سوچنا ہوگا کہ یہ آپ کیا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب فردوس عاشق کے ہمراہ موجود اداکارہ ریشم نے کہا کہ وہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہیں، پاک فوج پر فخر ہے۔
اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ شہیدوں کی قربانیوں کےباعث ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں ، کبھی اللہ کے گھر کا یہ حال نہیں دیکھا ۔