دنیا
Time 30 مئی ، 2023

آبادی پر کنٹرول کا انوکھا حل، بھارت میں نوبیاہتا جوڑوں کو شادی پر منصوبہ بندی کی ادویات کا تحفہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت میں اجتماعی شادی کے موقع پر حکومت کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو میک اپ بکس میں خاندانی منصوبہ بندی کے لیے مانع حمل ادویات کے تحفے دیےگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا میں ریاستی حکومت کی جانب سے غریب اور نادار  جوڑوں کے لیے اجتماعی شادی کی تقریب رکھی گئی جس میں 296 جوڑوں کی شادی کرائی گئی۔

 حکومت کی جانب سے نئے جوڑوں کو تحفے بھی دیےگئے جن میں مانع حمل ادویات بھی شامل تھیں، ان کے پیکٹ میک اپ بکس میں رکھے گئے تھے۔

ایک سینئر ضلعی افسر نے معاملے پر لاعلمی کا اظہار کیا اور  بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کا اس میں کوئی کردار نہیں، ممکن ہے محکمہ صحت کے حکام نے خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کے تحت یہ چیزیں فراہم کی ہوں۔

ضلعی افسر کا کہنا تھا کہ شادی اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے ہر جوڑے کے اکاؤنٹ میں 49 ہزار بھارتی روپے منتقل کیے گئے ہیں، ہمیں نہیں پتہ کہ جوڑوں میں تقسیم کیے جانے والے پیکٹ میں کیا تھا۔

اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ ماہ ریاستی حکومت کی شادی اسکیم کو اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب  چند دلہنوں کا حمل ٹیسٹ کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر دلہا اور دلہن کی عمر  اور صحت کی جانچ کے لیے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

مزید خبریں :