31 جولائی ، 2024
اکثر افراد کو گھر میں چھپکلیوں کا نظر آنا پسند نہیں ہوتا۔
مگر گرم موسم میں گھروں میں یہ جاندار عام نظر آتے ہیں جن کو دیکھ کر بیشتر افراد خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔
تو کیاگھر میں ایسے بن بلائے مہمانوں کی آمد نے آپ کو پریشان تو نہیں کر دیا؟
ویسے تو چھپکلیاں گھر سے کیڑوں اور مکڑیوں کا صفایا کرتی ہیں مگر ان کو پسند کوئی نہیں کرتا۔
تو اچھی بات یہ ہے کہ چند عام چیزوں یا طریقوں سے آپ انہیں گھر سے باہر نکال سکتے ہیں۔
یہ بہت مؤثر اور سستا طریقہ ہے جس سے چھپکلیوں کو ڈرا کر گھر سے بھگانا ممکن ہے۔
چھپکلیاں انڈوں کے چھلکوں کو شکاری کے روپ میں دیکھتی ہیں۔
تو چھپکلیوں کو گھر سے بھگانے کے لیے انڈوں کے چھلکے مختلف مقامات جیسے کچن یا دیگر میں رکھ دیں۔
انڈوں کے 2 ٹکڑوں میں تقسیم چھلکوں کو استعمال کریں اور ہر جگہ جوڑی کی شکل میں ان کو رکھیں، چھپکلیاں ان کو دیکھ کر بھاگ جائیں گی۔
ان چھلکوں کو ہر 3 سے 4 ہفتوں بعد بدل دیں۔
کافی کے چورے اور تمباکو پاؤڈر کو گیلا کرکے آپس میں ملاکر ہاتھ سے چھوٹی گیند بنالیں اور ان کے ایک سرے میں ٹوتھ پک لگادیں۔
اس گیند کو اس جگہ رکھ دیں جہاں چھپکلیاں اکثر نظر آتی ہیں۔
اس کو کھانے سے چھپکلیاں مر جائیں گی۔
لہسن کی تیز بو صرف انسانوں کو ہی ناپسند نہیں ہوتی بلکہ یہ چھپکلیوں کو بھی گھر سے دور رکھتی ہے۔
اس کے لیے لہسن کے ٹکڑوں کو گھر سے باہر ایسی جگہ پر رکھ دیں جہاں سے چھپکلیوں کے اندر آنے کا امکان ہوتا ہے، جس کے بعد وہ گھر میں داخل نہیں ہوں گی۔
پیاز بھی چھپکلیوں کو گھر سے دور رکھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
اس کے لیے پیاز کو آدھا کاٹ کر اس جگہ پر رکھ دیں جہاں چھپکلیاں اکثر چھپتی ہوں اور بس۔
سرخ مرچ اور پانی کو ملا کر اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور اس سیال کو گھر میں مختلف جگہوں جیسے فریج کے نیچے، فرنیچر کے پیچھے یا دیواروں پر اسپرے کریں۔
درحقیقت ہر اس جگہ اسپرے کریں جہاں چھپکلیاں نظر آئی تھیں، اس اسپرے کا محلول چھپکلیوں میں خارش کا احساس پیدا کرکے انہیں گھر سے دور بھگا دے گا۔
کافور کی گولیوں کو فریج، سنک یا چولہے کے نیچے رکھ دیں، اس سے چھپکلیاں گھر سے غائب ہو جائیں گی۔