31 مئی ، 2023
ایشیا کپ کیلئے پاکستان ویمن ایمرجنگ کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہا ہے کہ کوئی ٹیم چھوٹی بڑی نہیں ہوتی، ہر ٹیم سے اچھا کھیلیں گے، ہر ٹیم جتنے کیلئے جاتی ہے، ہمارا بھی یہی ہدف ہے۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثناء نے کہا کہ پی سی بی نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ کیلئے اچھی امیدیں ہیں، کوشش ہوگی کہ موقع کا پورا فائدہ اٹھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ انڈر 19 اور ایمرجنگ لیول پر کھیل کر پلیئرز کو پلیٹ فارم ملتا ہے، اس لیول پر ایسا ٹورنامنٹ سیکھنے کا اچھا موقع ہے، اس موقع کا ہر نوجوان پلیئر کو انتظار ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اسکواڈ اچھا ا ہے، ٹیم میں ہر طرح کی پلیئر ہے، پلیئرز اپنا کردار نبھانا جانتی ہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، ہماری اسٹرینتھ اچھی ہے، ٹورنامنٹ جیت سکتے ہیں۔
فاطمہ ثناء نے مزید کہا کہ میرے لئے پوری ٹیم برابر ہے، ہر کسی کے پاس موقع ہے کہ وہ خود کو منوانے، پوری ایمرجنگ ٹیم اچھا کھیل کر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے میچ کا پریشر نہیں، پچھلی بار کی طرح اس بار بھی جیتیں گے، ہمارا اسپن اٹیک کافی اچھا ہے، ان سے کافی توقعات ہیں۔
پاکستان ویمن ایمرجنگ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ بیٹرز جیسا یہاں کھیل رہی ہیں ویسا وہاں جا کر کھیلیں گی تو مفید ثابت ہوگا۔