Time 01 جون ، 2023
کھیل

میسی رواں ہفتے فٹبال کلب پی ایس جی کو خیرباد کہہ دیں گے

پی ایس جی کے ہیڈ کوچ کرسٹوف گالٹیر نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ان کی ٹیم کے سیزن کے خاتمے کے ساتھ پی ایس جی میں میسی کا وقت بھی ختم ہو جائے گا۔ فوٹو فائل
پی ایس جی کے ہیڈ کوچ کرسٹوف گالٹیر نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ان کی ٹیم کے سیزن کے خاتمے کے ساتھ پی ایس جی میں میسی کا وقت بھی ختم ہو جائے گا۔ فوٹو فائل

پیرس: فٹ بال سپر اسٹار لیونل میسی رواں ہفتے فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ-جرمین (پی ایس جی) کو خیرباد کہہ دیں گے۔

پی ایس جی کے ہیڈ کوچ کرسٹوف گالٹیئر نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ان کی ٹیم کے سیزن کے خاتمے کے ساتھ پی ایس جی میں میسی کا وقت بھی ختم ہو جائے گا۔

میسی کا پی ایس جی کے ساتھ معاہدہ جون کے آخری میں ختم ہو  رہا ہے اور وہ ہفتے کو کلرمون کے خلاف لیگ کے فائنل میں آخری مرتبہ فرنچ کلب کی جرسی میں میدان میں اتریں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق گالٹیئر نے کہا کہ انہیں فٹ بال کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی کی کوچنگ کا اعزاز حاصل ہوا، یہ پارک ڈیس پرنسز  میں ان کا آخری میچ ہوگا اور امید ہے کہ ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

فرنچ کلب نے اگست 2021 میں میسی کے ساتھ چیمپئنز لیگ جیتنے کے عزائم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

فرانسیسی لیگ میں میسی کا یہ تجربہ خاصا تلخ رہا، مجموعی طور پر بہت اچھے اعداد و شمار کے باوجود، وہ پی ایس جی کے بہت سے شائقین کے خیال میں ٹیم کی خامیوں کی وجہ رہے اور یہی وجہ ہے حالیہ ہفتوں میں بار بار شائقین میسی کے نام کو طنزیہ انداز میں پکارتے نظر آئے۔

ارجنٹائن کو عالمی چیمپین بنانے والے میسی فرانسیسی لیگ میں اپنے پہلے 26 میچوں میں صرف چھ گول کر سکے تاہم میسی نے اس سیزن میں بہتر کارکردگی دکھائی جس کی وجہ فارورڈ کائلان ایمباپے کے ساتھ ان کی ہم آہنگی تھی۔

35 سالہ میسی نے 31 لیگ میچوں میں 16 گول کیے اور اتنے گول کرنے میں ان کا کردار بھی رہا۔ انہوں نے تمام مقابلوں میں 21 بار بال کو جال میں پھینکا جب کہ 20 مرتبہ انہوں دیگر کھلاڑیوں کو گول کرنے میں مدد کی۔

کرسٹوف گالٹیئرکا کہنا ہے کہ اس سال، وہ ٹیم کا ایک اہم حصہ رہے اور ہمیشہ دستیاب رہے اس لیے ان کے خیال میں میسی پر کوئی بھی تنقید جائز ہے۔

گالٹیئر کی حمایت کے باوجود پی ایس جی کی جانب سے میسی کو کبھی زیادہ نہیں سراہا گیا۔

گزشتہ ماہ کلب نے انہیں سعودی عرب کے دورے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔ میسی کا سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہے۔

مزید خبریں :