03 جون ، 2023
سربراہ جناح اسپتال پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے کراچی کی بے امنی ، بم دھماکے ہر حالت میں مریضوں کی خدمت کی وہ ایک مثالی خاتون تھیں۔
کراچی میں جناح اسپتال کے نجم الدین آڈیٹوریم میں ڈاکٹر سیمی جمالی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول، وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن، ڈین ڈاکٹر مسرور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رضی، ڈاکٹر محمد سلمان سمیت انتظامیہ ،طبی اور نیم طبی عملے نے شرکت کی۔
شرکا سے خطاب میں پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ سیمی جمالی نے جناح اسپتال اور یونیورسٹی کے مسائل کو کافی حل کیا ہے آپ کو اگر سمیی جمالی کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے تو سیمی جمالی جیسا کام کرنا ہوگا۔
پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے مشتاق چھاپڑا نے کہا کہ 1990 سے اب تک 15 سربراہ اسپتال میں آئے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کی یاد اسپتال کے چپے چپے پر ہے۔ ان کے کاموں کی ایک لمبی فہرست ہے۔سیمی جمالی کا دور سب سے ترقی یافتہ رہا۔
سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی فرنٹ لائن سولجر تھیں، وہ طلبہ و طالبات سے لے کر شعبہ کے سربراہان، نائب قاصد تک رسائی رکھتی تھیں ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ جناح اسپتال آج جس شکل میں موجود ہے اس کا سارا کریڈٹ ڈاکٹر سیمی کو جاتا ہے۔