04 جون ، 2023
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک اور سنگ میل عبور ہوگیا ہے جہاں سے براہ راست حج پروازوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق گزشتہ رات قومی ائیر لائن کی دو پروازیں پی کے 6133 اور 6137 تین سو عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوئیں جبکہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 نے کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کیٹگری-II کے نئے رن وے پر گزشتہ رات پہلی نائٹ لینڈنگ کی اور یہی پرواز 145عازمین حج کو لے کر براہ راست مدینہ کیلئے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ رات میں کوئٹہ ائیرپورٹ کے نئے کیٹ-ٹو رن وے پر اترنا انتہائی خوشگوار تجربہ تھا۔
اس سے قبل کوئٹہ سے عازمین حج کو پہلے کراچی کا سفر کرنا پڑتا تھا، حال ہی میں اپ گریڈڈ 12,000 فٹ طویل رن وے کی بدولت براہ راست پروازیں ممکن ہوئیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نئے رن وے پر CAT-II جدید ائیر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے ہر قسم کے موسمی حالات میں آپریشنز کو یقینی بناتا ہے، نئے رن وے کی بدولت وائیڈ باڈی جہاز (بوئنگ 777 اور اس کے مساوی) اب کوئٹہ ائیرپورٹ آسکتے ہیں۔