04 جون ، 2023
پاکستان کے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے لیے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے پارٹی کے نام کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ تیز کردیا ہے، جہانگیر ترین کی جانب سے تین سے چار روز میں پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کی نئی سیاسی جماعت کے لیے 'عوام دوست پارٹی' اور 'پاکستان انصاف پارٹی' کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں نام ابھی حتمی نہیں ہیں ، مشاورت کر رہے ہیں، پارٹی اراکین کے ساتھ مشورہ کیا جارہا ہے،کوئی اور نام بھی سامنے آسکتا ہے، اعلان مشاورت کے بعد ہی کریں گے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کوپارٹی رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کرنےکا ٹاسک دےدیا ہے، لیگل ٹیم پارٹی کے نام اور الیکشن کمیشن کو درکار تمام تقاضے پورے کرےگی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کو درخواست دی جائےگی۔