04 جون ، 2023
انٹرنیشنل ائیرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) نے فنڈز روکنے سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ائیرلائنز کے 188 ملین ڈالرز کے فنڈز رکے ہیں جبکہ نائجیریا میں ائیرلائنز کے 812 ملین ڈالرز، بنگلا دیش میں 214 ملین ڈالرزپھنسے ہیں۔
ایاٹا کا کہنا ہے کہ ائیرلائنز کے الجیریا میں 196 ملین ڈالرز، لبنان میں 141 ملین ڈالرزپھنسے ہیں۔
ایاٹا کے مطابق پھنسے ہوئے فنڈز نے ائیرلائنز کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور طویل وقت کےلیے فنڈز رکے رہنا ائیرلائن کے بزنس کےلیے خطرہ ہے۔
ایاٹا نے بتایا کہ ائیر لائنز انڈسٹری کے دنیا بھر میں بلاک شدہ فنڈز اپریل2023 میں47 فیصد اضافے سے 2.27 ارب ڈالرز ہوگئے جبکہ گزشتہ سال اپریل میں بلاک شدہ فنڈز 1.55 ارب ڈالرز تھے۔
انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جن ممالک میں فنڈز پھنسے ہیں وہاں ائیر لائنز کا فلائٹ آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوگا، تمام حکومتوں کو اس صورتحال کے حل کےلیے صنعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، بروقت فنڈز ملنے سے ائیرلائنز اپنی سروسز جاری رکھ سکیں گی۔