04 جون ، 2023
یوگنڈا نے صومالیہ میں کچھ روز قبل افریقن یونین کے امن دستوں پر شدت پسندوں کے حملے میں یوگنڈا کے 54 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
یوگنڈا کے صدر یاوری مسووینی نے اپنے بیان میں کہا کہ صومالیہ کے دارالخلافہ قریب بولاماریر میں افریقن یونین کے امن دستوں کی رہائشی کیمپ پر شدت پسند جہادی تنظیم الشباب کے حملے میں یوگنڈا کے 54 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔
صدر مسووینی کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے بعد عالمی دہشتگرد تنظیم القائدہ سے منسلک شدت پسند جہادی تنظیم الشباب نے کیمپ پر قبضہ کر لیا تھا تاہم یوگنڈا کے فوجیوں نے کیمپ کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد تین ہے تاہم اب انہوں نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں یوگنڈا کے 54 اہلکار ہلاک ہوئے۔
شدت پسند تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ 26 مئی کو کیے گئے خودکش بم حملے میں 137 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ 2006 سے شدت پسند جہادی تنظیم الشباب صومالیہ میں فوج، سرکاری و نجی املاک، شہروں اور بازاروں پر سینکڑوں دہشتگرد حملے کر چکی ہے جبکہ الشباب کا زور توڑنے کیلئے افریقن یونین کے 22 ہزار سے زائد فوجی اہلکار دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے صومالیہ کی وفاقی حکومت کی مدد کیلئے وہاں موجود ہیں۔