Time 05 جون ، 2023
کاروبار

پاکستان کا ترقیاتی بجٹ رواں سال کی نسبت 4 فیصد زیادہ ہوگا

مجموعی ترقیاتی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کاحجم 1100 ارب روپے تجویزکیاگیا ہے: ذرائع/ فائل فوٹو
مجموعی ترقیاتی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کاحجم 1100 ارب روپے تجویزکیاگیا ہے: ذرائع/ فائل فوٹو

اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان کا ترقیاتی بجٹ رواں سال کے بجٹ  کی نسبت 4 فیصد زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق مجموعی ترقیاتی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کاحجم 1100 ارب روپے تجویزکیاگیا ہے اور وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم رواں سال کی نسبت 31 فیصد یا  223  ارب روپے زیادہ ہے جب کہ وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 150 ارب روپےکا نجی ترقیاتی بجٹ بھی شامل ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ ترقیاتی بجٹ میں صوبائی ترقیاتی بجٹ کا حصہ 1560 ارب روپے ہے، سندھ کا ترقیاتی بجٹ 40 فیصد اضافے سے 617 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جب کہ رواں سال سندھ کا ترقیاتی بجٹ 442ارب روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کا عبوری بجٹ 4 مہینے کے لیے تجویز کیا جا رہا ہے اور خیبرپختونخوا کا عبوری ترقیاتی بجٹ 268 ارب روپے تجویز کیا جارہا ہے، اگلے مالی سال کے لیے بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ 248 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے،بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ موجودہ سال کی نسبت 65 فیصد زیادہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارلیمنٹیرینزکی تجویزکردہ اسکیموں کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل وزیراعظم کی سربراہی میں ہوگا جس میں کونسل ڈھائی ہزار ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے گی۔