کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کیلئے یورپین طرز پرنئےکونسل ہال کی تعمیرکا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کے لیے یورپین طرز  پر نئے کونسل ہال کی تعمیرکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کا کہنا ہےکہ  الٰہ دین پارک کی جگہ  زیر تعمیر باغ میں جدید ٹاؤن ہال بھی بنایا جائےگا۔

کونسل ہال کی تعمیر کے لیے تیار کردہ مجوزہ منصوبہ جیونیوز نے حاصل کرلیا ہے جس کے مطابق 72 ایکٹر  رقبے پر محیط باغ میں 12 ایکٹر  پر  جدید طرز  کا کونسل ہال تعمیر کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پرانے کونسل ہال میں 309 افراد کے بیٹھنےکی گنجائش موجود ہے،  نئے انتخابات میں بلدیاتی نمائندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، نئے کونسل ہال میں 600 بلدیاتی نمائندوں کے بیٹھنےکی جگہ ہوگی، میئر،  ڈپٹی میئر ، میونسپل کمشنر اور اپوزیشن لیڈر کے آفس بھی بنائے جائیں گے۔

کے ایم سی کے حکام کا کہنا ہےکہ کونسل ہال کے ساتھ 450 گاڑیاں پارک کرنےکی گنجائش رکھی جائےگی، مہمانوں کی گیلری، میڈیا گیلری، کیفے ٹیریا اور  دیگر سہولتیں بھی موجود ہوں گی۔

کے ایم سی بلڈنگ کا موجودہ کونسل ہال 1932میں تعمیر کیا گیا تھا، نیا ہال مستقبل میں سو سال کی ضروریات کی منصوبہ بندی پر تعمیرکیا جائےگا، کونسل ہال کی تعمیر کے لیے نقشہ، ڈیزائن اور ماڈل کی تیاری آخری مراحل میں ہے، تعمیرکا باقاعدہ افتتاح چند روز میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے کونسل ہال کی تعمیر کا افتتاح شہریوں سے کرانےکا فیصلہ کیا گیا ہے،گورنر اور  وزیراعلیٰ شہریوں کے ہمراہ نئے کونسل ہال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 8 جون کو کونسل ہال کی تعمیر کے سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب کے انعقادکا امکان ہے۔

مزید خبریں :