06 جون ، 2023
بحر ِاوقیانوس شمالی کے مغربی حِصّے میں پچاس ہزار مربع میل سے زائد پر محیط سمندری قطعے کو ’’برمودا تکون‘‘ یا ’’مثلثِ ابلیس‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس طلسماتی تکون کے ساتھ بے شمار پُراسرار داستانیں جڑی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ آبی تکون اب تک پچاس بحری جہازوں اور بیس طیاروں کو ہڑپ کرچکی ہے۔ ہر حادثے کے ساتھ پُر اسراریت میں لپٹی کوئی نہ کوئی مافوق الفطرت کہانی وابستہ ہے۔
کیا ٹھہرے پانیوں میں تلاطم اٹھانے اور بھنور تخلیق کرنے والا مہم خُو کپتان، تحریکِ انصاف کو ’’برمودا تکون‘‘ تک لے آیا ہے؟ لوحِ تقدیر کے نوشتے کوئی نہیں پڑھ سکتا۔ لیکن کرشمات اور معجزات کے تمام تر امکانات کے باوجود نہیں لگتا کہ کپتان، تحریکِ انصاف کے جہاز کو ’’برمودا تکون‘‘ کے خونیں جبڑوں سے نکال پائے گا یا خود سلامتی کے ساحل کو چھُو سکے گا۔
سبب کیا ہے؟ صرف یہ کہ عمران خان اپنی سرشت، افتاد طبع اور ذہنی ساخت کے اعتبار سے کسی طور ایک سیاستدان نہیں۔ اپنی انا کے خول سے نکل کر کسی کو اہمیت دینے کا ظرف، نہ اپنی ضد سے بال برابراِدھراُدھر ہونے کی گنجائش، نہ افہام وتفہیم کا حوصلہ، نہ اختلاف برداشت کرنے کو وسعتِ قلبی، نہ روایتی دسترخوان، نہ رسمی رکھ رکھائو، نہ میل ملاقات میں گرم جوشی، نہ دلداری، نہ خُوئے دل نوازی۔ کم ازکم ہمارے ہاں کی سیاست کے اجزائے ترکیبی تویہی ہیں۔
خان صاحب کو اپنے سوا سارے سیاستدان محض حشرات الارض دکھائی دیتے تھے۔ اُن پر آوازے کسے، تمسخر اڑایا، نقلیں اتاریں، نام بگاڑے، گالیاں دیں، چور، ڈاکو، اُچکّے قرار دیا، اداروں کو دھمکیاں دیں، سول نافرمانی پر اُکسایا اوراس سب کچھ کے ساتھ ساتھ ہر آن آمادۂِ فساد، مرنے مارنے پر تُلے، آگ بگولہ نوجوانانِ بے سمت کا ایک گروہ تیار کرتے رہے۔
اپریل 1996میں تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھنے سے اپریل 2022تک کسی مرحلے پر بھی انہوں نے تحمل، ٹھہراؤ، باہمی احترام اور تدبّر کو اپنی سیاسی فکر کے قریب نہ بھٹکنے دیا۔ اُن کی زبان نیزے کی اَنی بنی رہی اور وہ ستائیس برس، پیہم جنگجوئی اور جارحیت کی راہ پر چلتے رہے۔ بہت کچھ کہنے، بہت کچھ کرنے کے باوجود بھٹو، نوازشریف، بے نظیر، آصف زرداری اور بے شمار دوسرے معتوب سیاستدانوں جیسی مشکلات اُنہیں چھُو کر بھی نہ گزریں۔ سو جنگجویانہ اور جارحانہ اندازِ سیاست کو وہ فاتحانہ پیش قدمی کا فارمولاسمجھنے لگے اور پارلیمانی جمہوری نظام یا مروجہ سیاسی سسٹم سے دور ہوتے چلے گئے۔
اپریل 2022ءمیں تحریکِ عدم اعتماد کا سامنا انہوں نے اسی شوریدہ سری اور بے حکمتی سے کیا۔ اسے امریکی اور عسکری سازش کا شاخسانہ قرار دے ڈالا۔ قاسم سوری کو ایک غیرآئینی رولنگ پر مجبور کیا۔ بات نہ بنی تو قومی اسمبلی توڑ ڈالی۔ اپنے سینئر رہنمائوں کے ساتھ کوئی مشاورت نہ کی کہ کیا سسٹم کے اندر رہنا بہتر ہوگا یا سڑکوں کا رُخ کرنا ؟ جس دن وزیراعظم شہبازشریف نے حلف اٹھایا اُس دن پوری تحریکِ انصاف قومی اسمبلی سے مستعفی ہوگئی ۔ 342کے ایوان میں وزارت عظمیٰ کیلئے 172ووٹ درکار تھے۔
شہباز شریف 174ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ اگر عمران خان شوریدسری کے بجائے تحمّل سے کام لیتے تو منظرنامہ کتنا مختلف ہوتا؟ اپوزیشن نہایت توانا ہوتی اور معمولی اکثریت کی حامل حکومت ٹکٹکی پر چڑھی رہتی۔ راجہ ریاض کے بجائے خود عمران خان قائد حزب اختلاف ہوتے۔ مہنگائی، بے روزگاری جیسے عوامی مسائل کا ماتم کرتے۔
لاقانونیت اور دہشت گردی کی ہر واردات پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے۔ خارجہ پالیسی کی لغزشوں کو اجاگر کرتے۔ نیب چیئرمین، الیکشن کمیشن کے ارکان اور ججوں کی تقرریوں میں اُن کی منظوری شامل ہوتی۔ طاقتور پبلک اکائونٹس کمیٹی، نور عالم خان کے بجائے اُن کے کسی معتمد کے ہاتھ میں ہوتی اور ہر روز ایک ناٹک لگا ہوتا۔
حکومت کے لئے معمول کی قانون سازی بھی جوئے شیر لانے کی مترادف ہوتی۔ بجٹ منظور کرانے کے لئے جان کے لالے پڑجاتے۔ قومی اسمبلی کی متعدد قائمہ کمیٹیاں اُن کے ہاتھ میں ہوتیں۔ سینٹ میں اُن کے ارکان کی تعداد کم وبیش سرکاری ارکان کے برابر ہونے کے باعث سنجیدہ مسائل کھڑے کررہی ہوتی۔ پنجاب، خیبرپختون خوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پی۔ٹی۔آئی کی حکمرانی کا ڈنکا بج رہا ہوتا ۔ 2023کے انتخابات کا مرحلہ آتا تو وفاق، پنجاب اور خیبرپختون خوا کی نگران حکومتیں عمران خان کی مشاورت سے بنتیں۔ وہ سسٹم کی جولاں گاہ کے سب سے بڑے کھلاڑی کے طور پر للکار رہے ہوتے اور پی۔ڈی۔ایم خود خان صاحب کے گناہوں کا پشتارہ اٹھائے پناہ گاہیں ڈھونڈ رہی ہوتی۔ اس بحث کا دروازہ ہی نہ کھلتا کہ پی۔ٹی۔آئی سیاسی جماعت ہے یا دہشت گرد تنظیم۔
اب اس منظر پہ ایک نگاہ ڈالئے ۔ خان صاحب اقتدار سے محرومی کے بعد پورا ایک سال، انقلاب، تبدیلی، نیاپاکستان اور حقیقی آزادی کے نعرے لگاتے اور نوجوانوں کی رگوں میں تیزاب بھرتے رہے۔ 9 اور 10 مئی کو جو کچھ ہوا، وہ خان صاحب کے خوابوں کی تعبیر تھا۔ ہوا یہ کہ اُن کی سیاست اور وہ خود بھی اس آگ میں بھسم ہوگئے۔
علامہ اقبال نے کوئی ایک سو سال پہلے کہا تھا
دہر میں عیشِ دوام آئیں کی پابندی سے ہے
موج کو آزادیاں سامانِ شیون ہوگئیں
(دنیا میں ہمیشہ کی خوشی اور آسودگی صرف آئین اور دستور کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے۔ پانی کی جو موج، دریا یا سمندر سے بغاوت کرتے ہوئے آزاد ہوجاتی ہے، اُس کی قسمت میں رونے دھونے اور ماتم کے سوا کچھ نہیں ہوتا)علّامہ ہی نے یہ بھی کہا تھا کہ
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں
عمران خان سسٹم کے دریائے سُست خرام سے نکل کر جنگ وجدل اور فتنہ وفساد کے بپھرے سمندر کی طرف جانکلے اور آج اُن کا جہاز ’’برمودا تکون‘‘ میں شکست وریخت سے دوچار ہے۔ عرشے پر کہرام مچا ہے۔ مسافر ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے چھلانگیں مار رہے ہیں اور آخری تختے سے لپٹا شکست خوردہ کپتان بھرّائی ہوئی آواز میں بے مہر موجوں سے کہہ رہا ہے ’’میں تنہا ہوگیا ہوں۔‘‘ کون کہے کہ ’’ یہ سب تمہارا اپنا کیا دھرا ہے۔‘‘ کون بتائے کہ تلاطم خیزی کو اپنا تفاخر سمجھنے والا مہم جوُ، زعمِ تسخیر میں ایسی ہی ’برمودا تکون‘ کا رزق ہوجاتا ہے۔ کون سمجھائے کہ جب خودپسندی، خود پرستی کو چھونے لگتی ہے، تو خدافراموش شخص خود اپنی انا کا یرغمالی بن کر دانشمندانہ فیصلوں کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے۔
یاس یگانہ چنگیزی یاد آرہا ہے۔
خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا
خدا بنے تھے یگانہ مگر بنا نہ گیا
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)
جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔