07 جون ، 2023
آج کل کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کا موسم ہے جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ کچھ دنوں میں ہیٹ ویو سے متعلق بھی خبردار کیا گیا ہے، ایسے میں اپنی غذا میں ایسی چیزیں شامل کرنا آپ کے لیے فائدہ مند ہوگا جو جسم کی گرمی کو ختم کرتی ہیں۔
ان غذاؤں میں ناریل پانی سرِ فہرست ہے جو ناصرف گرمی کا توڑ ہے بلکہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ بھی رکھتا ہے، پوٹاشیم کے خزانے سے بھرپور ناریل پانی ان افراد کے لیے بہترین ہے جنہیں گردوں کے مسائل ہیں یا جن کے گردوں میں پتھری ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ ناریل کا پانی دل کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، ذیا بیطس کے مریضوں کو ناریل کا پانی پینا چاہیے، اس میں موجود میگنیشیم ٹائپ 2 ذیابیطس اور پری ذیابیطس والے مریضوں کے بلڈ شوگر لیول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
تاہم آج ہم آپ کو ناریل پانی کے کچھ ایسے مشروبات بتائیں گے جسے پی کر آپ گرمی سے چھٹکارا حاصل کرسکیں گے۔
اجزا
ایک گلاس ناریل پانی، ایک چمچ شہد، ایک چٹکی نمک، ایک چٹکی کالی مرچ، آدھا لیمو (یا حسبِ ذائقہ)
ترکیب
ان تمام اجزا کو ایک ساتھ ملائیں اور پیش کریں، یہ مشروب گرمی کے توڑ کے لیے بہترین ہے، اس سے آپ کے جسم پر گرمی دانے بھی نہیں ہوں گے۔
اجزا
ایک گلاس ناریل پانی، ایک چھوٹا کپ اسٹرابیری کٹی ہوئی، ایک چمچ شہد
ترکیب:
ان تینوں اجزا کو بلینڈر میں ڈال کے اچھی طرح مکس کریں اور گرمیوں میں ہلکی پھلکی یہ سموتھی انجوائے کریں۔
اجزا
ناریل پانی کا ایک گلاس، 1/2 کٹے ہوئے آم، تخم ملنگا
ترکیب
ان سب کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں، ایک گلاس میں چند آئس کیوبز ڈالیں اور پھر ڈیڑھ چمچ تخم ملنگا اور بلینڈ کیے ہوئے آمیزے کو گلاس میں ڈال لیں، اچھی طرح مکس کریں اور انجوائے کریں۔
ناریل پانی کا ایک گلاس بلینڈر میں ڈالیں ، اس میں 10 بغیر بیج کی کٹی ہوئی لیچی ڈالیں، اس میں ایک چمچ وہپنگ کریم ڈالیں اور تب تک بلینڈ کریں جب تک اچھی طرح آمیزہ نہ بن جائے۔
اس کے بعد اسے گلاس میں ڈال کر اوپر لیچی کے چھوٹے ٹکڑے رکھ کر پیش کریں۔