07 جون ، 2023
پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم لیے دو امریکی پائلٹ اپنے ایک انجن والے جہاز پر پاکستان پہنچ گئے۔
پیٹر ٹیہن اور جان آکن فیل کے مطابق یہ سفر ان کی زندگی کا یاد گار سفر ہے۔
امریکی شہری اور پائلٹ پیٹر ٹیہن اور جان آکن فیل کراچی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک پلانے آئے ہیں۔
یہ دونوں پیشے کے لحاظ سے کاروباری اور شوق کے لحاظ سے پائلٹ ہیں جبکہ پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے متعلق دنیا کو آگاہ کرنے کا عزم لیے اپنے ایک انجن کے جہاز میں 25 ممالک کا سفر کرکے کراچی پہنچے ہیں۔
پیٹر کے مطابق پاکستان کی جانب سے پولیو کے خلاف کیے جانے والے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔
روٹری انٹرنیشنل کے اشتراک سے 90 روز میں 39 ممالک کا سفر کرنے ، پولیو کے خلاف آگاہی مہم چلانے کا عزم لیے پیٹر ٹیہن اور جان آکن فیل نے مختلف منصوبوں کا دورہ کیا اور پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔