08 جون ، 2023
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب کے کئی حلقوں میں ن لیگ ترین گروپ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی، مشترکہ امیدوار لائے جانے کا بھی امکان ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ترین گروپ اور ن لیگ کے اچھے تعلقات ہیں ، ساہیوال سے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال، فیصل آباد سے اجمل چیمہ اور جھنگ سے فیصل جبوانہ سمیت ترین گروپ کے تمام ہی لوگ ن لیگ سے بھی رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے دونوں جماعتیں ساتھ ساتھ چلیں گی، انتخابی اتحاد کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی ۔
واضح رہے کہ سینیئر سیاستدان جہانگیر ترین نے اپنی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
جہانگیر ترین نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ ہم سب اکھٹے ہو کر جہانگیر ترین کی قیادت میں اس جدوجہد میں حصہ ڈالیں گے۔