Time 09 جون ، 2023
پاکستان

کراچی میں پینے کا پانی گھر میں آتا نہیں اور سیوریج کا پانی گھر سے جاتا نہیں، مصطفیٰ کمال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کراچی میں پینے کا پانی گھر میں آتا نہیں اور سیوریج کا پانی گھر سے جاتا نہیں، آج بد نظر لوگوں کی ہماری 7 سیٹوں پر بھی نظر ہے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے تحت اورنگی میں عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جلسے  سے ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال ،وفاقی وزیر امین الحق اور دیگر نے خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا اربوں روپے اس شہر سے کما کر پیپلز پارٹی نے شہر کو ایک قطرہ پانی نہیں دیا، شہر میں پینے کا پانی گھر میں آتا نہیں،سیوریج کا پانی گھر سے جاتا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بد نظر لوگوں کی ہماری 7 سیٹوں پر بھی نظر ہے، ہم پر ریاستی مظالم نہیں ہو رہے،  یہ ایم کیو ایم کی میانہ روی اور امن پسند پالیسی کی وجہ سے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حکمرانوں کی زیادتی سے شکایت ہے لیکن ہم اس ریاست کے خلاف بات نہیں کرتے، آج 40  سالوں سے کوٹہ سسٹم کے نام پر ہم پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، آج پیپلز پارٹی اس کوٹے پر بھی ہمیں نوکریاں نہیں دے رہی۔

اس کے علاوہ امین الحق کا خطاب میں کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کے جھوٹے وعدے کیے گئے۔

مزید خبریں :