Time 09 جون ، 2023
کاروبار

خام مال اور مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی ختم، سولر پینلز سستے ہوجائیں گے

سولر پینل کی بیٹریز اور انورٹر کی تیاری کے خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کی دی گئی ہے: فنانس بل. فوٹو فائل
سولر پینل کی بیٹریز اور انورٹر کی تیاری کے خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کی دی گئی ہے: فنانس بل. فوٹو فائل

وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کردہ فنانس بل 24-2023 کے مطابق سولر پینل کی مینو فیکچرنگ کے خام مال اور سولر پینل کی مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فنانس بل 24-2023 کے اہم نکات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سولر پینل کی مینوفیکچرنگ کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی ہے، سولر پینل کی بیٹریز کی تیاری کے خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جبکہ سولر پینل کی مشینری کی درآمد اور سولر پینل کے انورٹر کے خام مال پر بھی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث سولر پینل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ فنانس بل میں ڈائپرز کی مینوفیکچرنگ کے خام مال کی درآمد پر بھی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے اور تمام ضروری اشیاء کی درآمد پر ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق ملک میں تھنر کی مینوفیکچرنگ کے لیے متعلقہ خام مال پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جبکہ پولی ایسٹر کی مینوفیکچرنگ کے لیے مختلف خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق معدنیات کے شعبے کی مشینری امپورٹ کرنے پر ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل کے شعبے کے رنگ اور دیگر متعلقہ خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔

آئی ٹی سے متعلقہ سامان پر ڈیوٹی فری درامد کی اجازت کی منظوری دی گئی ہے جبکہ کھانے پینے کے سامان میں ذائقہ دار پاوڈر کی درآمد پر عائد ڈیوٹی میں رعایت دی گئی ہے اور رائس ملز کی مشینری کی درآمد پر بھی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔