Time 12 جون ، 2023
پاکستان

پاکستان میں رجسٹریشن کی تجدید نہ کرانیوالے ساڑھے7 لاکھ افغان مہاجرین کی تلاش شروع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان میں موجود افغان مہاجرین میں سے ساڑھے7 لاکھ نے اپنی رجسٹریشن کی تجدید نہیں کرائی ہے، ان افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

جیو نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق 2006 سے 2023  تک 35 لاکھ 7 ہزار 295 افغانیوں نے رجسٹریشن کرائی، نادرا ریکارڈ کے مطابق 13 لاکھ 3 ہزار 636 افغان شہری وطن واپس گئے۔

دستاویز کے مطابق7 لاکھ 42 ہزار  942 افغان شہری رجسٹریشن کی تجدید کرانے نہیں آئے، اس وقت پاکستان میں پروف آف رجسٹریشن رکھنے والے مہاجرین کی تعداد 14 لاکھ 60 ہزار717 ہے۔

ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کی  تجدید نہ کرانے والے افغان مہاجرین کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نادرا اور ایف آئی اے میں موجود  افغان مہاجرین کا ڈیٹا تھانوں کو دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ذرائع نے بتایا ہےکہ وفاقی وزارت داخلہ نے غیر  رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو  فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔گرفتار کرنے والی پولیس افغان مہاجرین کو سرحد پر لے جا کر بے دخل کرےگی۔

خیال رہے کہ 1979 میں افغانستان  میں سوویت یونین کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے پہلی بار افغان مہاجرین کی بڑی تعداد نے پاکستان ہجرت کی تھی، اس کے بعد 90 کی دہائی میں مجاہدین کی آپس کی خانہ جنگی کے دوران بھی افغان شہری پاکستان  آئے اور پھر 2001 میں امریکا کے افغانستان میں حملے کے بعد بھی لاکھوں افغان مہاجرین نے پاکستان کا رخ کیا اور یہاں مختلف شہروں میں رہائش پذیر ہوگئے۔

مزید خبریں :