Time 12 جون ، 2023
پاکستان

سمندری طوفان بپر جوائے بپھرنے لگا، اورماڑہ میں پانی گھروں میں داخل، کراچی میں 100 ملی میٹر بارش متوقع

طوفان بپر جوائے کراچی سے صرف 600 کلومیٹر دور رہ گیا ہے اور طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہیں۔ فوٹو فائل
طوفان بپر جوائے کراچی سے صرف 600 کلومیٹر دور رہ گیا ہے اور طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہیں۔ فوٹو فائل

کوئٹہ: بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپر جوائے کی شدت برقرار ہے اور طوفان کے  اثرات پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں میں آنا شروع ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندری لہریں ساحل کے قریب سڑک تک پہنچ رہی ہیں، اورماڑہ میں سمندری پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔

ادھر سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر کیٹی بندر کے ماہی گیروں نے اپنی کشتیاں ساحل پر کھڑی کر دی ہیں، بدین سے بھی ماہی گیروں کی واپسی شروع ہو گئی ہے تاہم کئی ماہی گیر اب بھی کھلے سمندر میں موجود ہیں۔

محکمہ داخلہ بلوچستان نے سمندری طوفان بپر جوائے کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان کی سمندری حدود میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندری حدود میں کشتی رانی، ماہی گیری اور نہانے پر پابندی عائد کر دی، پابندی کا اطلاق سمندری طوفان کے پیش نظر 17 جون تک ہو گا۔

سمندری طوفان نے سندھ کے شہر سجاول میں بھی اثر دکھانا شروع کر دیا ہے اور سجاول میں ہوا کے جھکڑ چلنے لگے ہیں، کشتیوں کے بادبان لپیٹ دیے گئے ہیں اور بدین سے لوگوں نے ٹرکوں اور ٹریکٹروں میں نقل مکانی شروع کردی ہے، آشیانے ویران ہوگئے اور 2000 سے زیادہ لوگ گھروں کو چھوڑ گئے ہیں۔

 طوفان کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگیں

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طوفان بپر جوائے کراچی سے صرف 580 کلومیٹر دور رہ گیا ہے اور طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق طوفان بیر جوائے کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگی ہیں تاہم فی الحال طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر طوفان نے اپنا رستہ بدلا تو کراچی سمیت سندھ کی پوری ساحلی پٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ساحلی علاقوں میں 300 سے 400 ملی میٹر تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔

بھارتی شہر ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری

بھارت میں بھی سمندری طوفان بپر جوائے کے زیر اثر ممبئی میں اتوار کی رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں بارش کا سلسلہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ممبئی میں ہفتےکو 38.5 ڈگری کے ساتھ جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جبکہ طوفان بپر جوائے کے پیش نظر شہر میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع

دوسری جانب ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے کراچی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں ہے، 15 جون کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات تک ٹکرائے گا، کراچی میں بدھ کی شام سے بارش کا آغاز ہو سکتا ہے۔

زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے، بدھ کی شام شروع ہونے والی بارش جمعہ تک جاری رہ سکتی ہے۔

ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق سمندری طوفان کے باعث کراچی میں تیز ہواؤں کا امکان بھی ہے، سائیکلون کا قطر کافی بڑا ہے جس میں کراچی بھی آرہا ہے۔

سمندر چڑھ گیا تو چیلنجنگ صورت حال ہو گی: مرتضیٰ وہاب

کراچی میں متوقع بارش کے پیش نظر بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت کی جا چکی ہے، شہر سے 60 سے 70 فی صد بل بورڈ ہٹائے جا چکے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نالوں کی صفائی کی ذمے داری کے ایم سی کی ہے، نالے سمندر میں جاتے ہیں، سمندر چڑھ گیا تو چیلنجنگ صورت حال ہو گی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا اس تمام تر صورتحال کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس سلسلے میں فنڈ جاری کر دیے ہیں، واٹر بورڈ، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے واٹر پمپ اسٹینڈ بائی پر ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، متاثرین کو اسکولوں کے احاطے میں منتقل کیا جائے گا، ایسی صورتحال میں شہری ساحل پر جانا شروع کر دیتے ہیں، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ غیر ضروری طورپر گھروں سے نہ نکلیں۔

طوفان 15 جون کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے 

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود طوفان بپر جوائے کی شدت برقرار ہے اور سمندری طوفان شمال، شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 550 کلومیٹر اور ٹھٹہ کے جنوب سے 530 کلومیٹر دور ہے، سمندری طوفان اورماڑہ سے 650کلومیٹر دور ہے۔

حکام محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 150کلو میٹرفی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، سسٹم کے مرکز کے گرد لہریں 35 سے 40 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں، سازگار ماحول سسٹم کی شدت برقرار رکھنے میں مدد کر رہا ہے

حکام محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے آگے بڑھنے کی رفتار 9 سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔

مزید خبریں :