13 جون ، 2023
قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوجائے تو کیا ہی بات ہے، بدقسمتی سے ایشیا کپ کا انعقاد مسئلہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو بات کر کے مسئلہ حل کرنا چاہیے، دونوں بورڈز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کرکٹ پاکستان اور بھارت سے بڑی ہے۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ میرا نام بھارت کے خلاف پرفارم کرکے بنا ہے، پاک بھارت کرکٹ ہوگی تو بزنس اور کھلاڑی دونوں آگے بڑھیں گے۔
سابق کپتان نے کہا کہ عالمی کپ کی تیاری کیلئے ون ڈے سیریز کا ہونا اہم ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بڑے ایونٹ سے پہلے پلاننگ کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فٹنس تب آتی ہے جب آپ گراؤنڈ میں جا کر کرکٹ کھیلتے ہیں، بڑے مقابلوں میں بطور ٹیم کھیلیں، تینوں شعبے اہم ہیں۔
یونس خان نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے پاکستان ورلڈکپ کے ٹاپ فور میں پہنچے گا، ہماری ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، فاسٹ بولنگ بہت اچھی ہے، ٹیم میں 3، 4 کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان کو جتوا سکتے ہیں، پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، فخر زمان اور بابر اعظم جیسے اچھے بلے باز موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کو مشورہ دیتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو مشورہ ہے کہ بڑے میچ میں کپتان کے پاس 2، 3 پلان ہونے چاہیے، پاک بھارت میچ کا پریشر نہ لیں، انجوائے کریں۔