,
Time 15 جون ، 2023
پاکستان

سمندری طوفان بپر جوائے آج دن 11 بجے پاکستان میں داخل ہوگا،کیٹی بندر سے ٹکرائے گا

طوفان کا کراچی سے فاصلہ 340 سے بڑھ کر 370 کلومیٹر ہوگیا، کیٹی بندر سے طوفان کا فاصلہ 275 سے بڑھ کر 290 کلو میٹر ہوا تاہم طوفان کیٹی بندر سے ٹکرانے کا خطرہ اب بھی موجود ہے
طوفان کا کراچی سے فاصلہ 340 سے بڑھ کر 370 کلومیٹر ہوگیا، کیٹی بندر سے طوفان کا فاصلہ 275 سے بڑھ کر 290 کلو میٹر ہوا تاہم طوفان کیٹی بندر سے ٹکرانے کا خطرہ اب بھی موجود ہے

بحیرہ عرب کے سمندری طوفان کا رخ بدل گیا، بپر جوائے کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا،  سمندری طوفان جمعرات کو دن 11 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، بپر جوائے کیٹی بندر سے قریب  اور کراچی سے تھوڑا دور ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوائےگزشتہ 6 گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کےجنوب سے 310 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کیٹی بندر کےجنوب، جنوب مغرب سے 240 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کےمرکز اور اطراف میں ہواؤں کی رفتار 150 سے 160کلو میٹر فی گھنٹہ، سسٹم کے مرکز  کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، سسٹم کے مرکز کے گرد  لہریں  30 فٹ تک بلند ہو  رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 15جون کی شام کو طوفان کیٹی بندر اور  بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر  ٹکرائے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار  100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ  بھی چل سکتے ہیں۔

سمندری طوفان کے نتیجے میں پاکستان کے جنوب مشرقی ساحلی پٹی پر آندھی اور گرج چمک کےساتھ موسلا دھاربارش ہوسکتی ہے۔ جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے، ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ میں  آج سے 17 جون تک ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

انخلا کا عمل جاری

 انتظامیہ، پاکستان نیوی اور آرمی کی جانب سے ساحلی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، نیوی کے غوطہ خوروں نے سمندر میں پھنسے درجنوں ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

ساحلی علاقوں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، ہدایات کے باوجود بعض افراد اب بھی ساحلی علاقوں میں موجود گھر بار چھوڑنے سے انکار  کر رہے ہیں۔

جاتی، کھارو چھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں 

سمندری طوفان بپر جوائے آج دن 11 بجے پاکستان میں داخل ہوگا،کیٹی بندر سے ٹکرائے گا

بپرجوائے سے جاتی، کھارو چھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں، بدین اور ٹھٹہ کی ساحلی بستیوں میں بھی تیز ہوائیں چل رہی ہیں، تیز ہواؤں سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پول گرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کیٹی بندر میں بھی موسم تبدیل ہوگیا ہے اور وہاں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے۔

بدین میں زیروپوائنٹ،گگونگھڑو، چک 57، بھگڑا میمن سمیت ساحل پر آباد علاقوں سے انخلا مکمل کرالیا گیا ہے۔

ادھرگڈانی میں جیٹی پرمٹی بھر جانے کی وجہ سے ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ماہی گیر کشتیوں کو کنارے پر لانے کے لیے 10 سے 15 ہزار  روپے دینے پر مجبور ہیں۔

 

ہاکس بے میں سمندر کا پانی سڑک پر آگیا ، کراچی سے منوڑہ کا زمینی راستہ جزوی منقطع

سمندری طوفان بپر جوائے کے زیرِ اثر کراچی میں آج کہیں ہلکی کہیں تیز بارش  ہوئی، ہاکس بے میں سمندر کا پانی سڑک پر آگیا ، کراچی سے منوڑہ کا زمینی راستہ جزوی منقطع ہوگیا، منوڑہ جانے والے روڈ پر ریت اور پانی کی وجہ سے  کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

ادھر ابراہیم حیدری میں پانی آبادی میں داخل  ہوگیا، کراچی ائیر پورٹ پر چھوٹے طیاروں کا فلائٹ آپریشن بند  کردیا گیا۔

ڈی ایچ اے میں انتظامیہ نے ساحل کے قریب قیام پذیر افراد کو گھر خالی کرنے کی ہدایت  کردی۔ کراچی میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ  ہے جس کے پیش نظر سمندر کے کنارے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی کی خلاف ورزی پر 20 سے زائد افراد گرفتار  ہوئے ہیں اور ان کیخلاف  مقدمات درج  کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق شہری پابندی کے باوجود ساحل پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور تفریح میں مصروف تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ساحلی علاقوں سے منتقل کیے گئے افراد کو پینے کا صاف پانی اور خوراک فراہم کرنے کی ہدایت  کردی اور  طوفان ٹلنے تک آرام دہ رہائش اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی حکم  دیا۔

سائیکلون کے قریب پہنچنے پر کمرشل فلائٹس بھی روک دی جائیں گی: شیری رحمان

وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کل دن 11 بجے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا،  ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر زیادہ متاثر ہوں گے۔

وفاقی وزیرِ نے کہا کہ طوفان کراچی کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا  لیکن اثر لازمی ہوگا، طوفان کی اصل شکل کل واضح ہوجائے گی، طوفان کے باعث چھوٹے جہازوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے  جبکہ سائیکلون کے قریب پہنچنے پر کمرشل فلائٹس بھی روک دی جائیں گی۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ٹھٹھہ، سجاول اور بدین سمیت دیگر متاثرہ علاقوں سے 73 ہزار لوگوں کو 75 ریلیف کیمپوں میں پہنچایا جاچکا ہے۔

سول ایوی ایشن نے کراچی ائیرپورٹ بند ہونیکی خبروں کی تردید کردی

سول ایوی ایشن نے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبروں کی تردید کردی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم کی پیشگوئی کی صورت میں ائیرپورٹس پر طے شدہ ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں اس لیے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبریں درست نہیں ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ ائیرپورٹس پر ہوا کی رفتار اور موسم کے حوالے سے پائلٹس کو مسلسل باخبر رکھا جانا معمول کی بات ہے، غیر معمولی حالات میں پائلٹس زمینی و موسمی حقائق دیکھتے ہوئے ٹیک آف یا لینڈنگ کے لیے قریبی موزوں منزل کا فیصلہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں :