Time 14 جون ، 2023
کاروبار

شیل کا پاکستان میں اپنے تمام حصص فروخت کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

شیل پیٹرولیم کمپنی  نے پاکستان میں کمپنی کے تمام شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔

 برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شیل کا کہنا ہےکہ  وہ شیل پاکستان کے77.42 فیصد حصص فروخت کردےگی اور کمپنی کا انتظام و انصرام  خریدار کے حوالے کردےگی۔

خبر ایجنسی کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی کو 2022 میں ڈالر کی قدر میں اضافے اور پاکستانی روپےکی قدر میں کمی کے باعث بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے علاوہ برطانوی کمپنی کو واجبات کی وصولی میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

شیل کے ترجمان کے مطابق حصص کی فروخت میں گروپ کے دیگر کاروبار بھی شامل ہیں جن میں  پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (PAPCO) کے 26 فیصد مالکانہ حقوق بھی شامل ہیں۔

شیل پیٹرولیم کمپنی  نے جاری  بیان میں کہا ہےکہ ادارہ  پاکستان میں اپنے تمام حصص فروخت کر رہا ہے جس کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی جا چکی ہے، اس فروخت سے پاکستان میں جاری شیل کے آپریشنز  پر کوئی فرق نہیں پڑےگا اور وہ جاری رہیں گے۔

مزید خبریں :