30 دسمبر ، 2012
پشاور … مذہبی امور کے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 16 مارچ کو حکومت کی مدت پوری ہوگی، ایک دن بھی زائد اقتدار اپنے پاس نہیں رکھیں گے، طالبان کا کوئی لیڈر سامنے آئے تو اس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ علامہ طاہر القادری کی عزت کرتے ہیں مگر وہ نظام میں تبدیلیوں سے آگاہ نہیں، لانگ مارچ نہیں روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں اٹھارویں ترمیم کے بعد آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں آچکا ہے، نگراں وزیر اعظم کس صوبے کا ہوگا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہر مسئلہ حل ہوسکتا ہے تاہم انسانیت کے قاتلوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، طالبان کا کوئی لیڈر سامنے آئے تو اس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں، تاحال کوئی سامنے نہیں آیا۔