15 جون ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ پر پیپلز پارٹی کا حق ہے ، امید ہے پیپلز پارٹی کے ذکا اشرف ہی چیئرمین پی سی بی بنیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جیو نیوز سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حکومت نجم سیٹھی کی صلاحیتوں سے کسی اور جگہ استفادہ کرلے ۔
گزشتہ دنوں جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں میزبان حامد میر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ کھیلوں کی وزارت ہمارے پاس ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کا تعلق کھیلوں کی وزارت سے ہے تو پی سی بی کا سربراہ بھی ہمارا آدمی ہونا چاہیے نہ کہ نجم سیٹھی کو، پیپلز پارٹی نجم سیٹھی کی جگہ ذکا اشرف کو لانا چاہتی ہے لیکن نواز شریف چاہتے ہیں کہ نجم سیٹھی کو نہ چھیڑا جائے۔
پروگرام میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے دونوں جماعتوں میں اختلافات کے تاثر کو مستردکیا تھا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پی سی بی کے چیئرمین کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔
پریس کانفرنس میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف زرداری بھی ہمیشہ افہام و تفہیم سے بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ کے معاملے میں کسی پارٹی کی رائے ہوسکتی ہے، اختلاف کوئی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے انہیں جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا۔