Time 15 جون ، 2023
کھیل

ایشیا کپ کے 4 میچز پاکستان اور 9 سری لنکا میں ہوں گے، ایشین کرکٹ کونسل نے اعلان کر دیا

ایشیا کپ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی/ فائل فوٹو
ایشیا کپ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی/ فائل فوٹو

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

ایشیا کپ کیلئے بھارت کی پاکستان آمد کا معاملہ

ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے بھارت کی میں نہ مانوں کی رٹ برقرار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کا مؤقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی۔

ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل کیا ہے؟

ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا گیا ہے جس کے اب قبول ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

بھارتی خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تجویز کردہ 'ہائبرڈ ماڈل' کو تسلیم کرنے کے امکانات ہیں۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔

پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا ، بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :