Time 16 جون ، 2023
پاکستان

بپرجوائے خوف کے بادل منڈلا کر چلتا بنا، کراچی، حیدرآباد میں آج اور کل بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے/ زوم ارتھ
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے/ زوم ارتھ

سمندری طوفان بپرجوائے خوف کے بادل منڈلا کر چلتا بنا، طوفان کراچی، مکلی، ٹھٹہ اور بدین میں ہلکی بارش ہی برسا سکا تاہم تیز ہواؤں اور آندھی نے ہفتوں سے جاری شدید گرمی بھگادی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان میں آج اورکل بارش اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے جب کہ  اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کابتانا ہےکہ کیٹی بندر کے ساحل پر 6 سے 8 فٹ تک لہریں بلند ہوسکتی ہیں جب کہ لہروں کی اونچائی 2 سے ڈھائی میٹر بلند ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 جون کو ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر میں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ 17 جون کو میرپورخاص اور عمرکوٹ میں بھی تیز اور کہیں شدید بارش کا امکان ہے، اس دوران ہوائیں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

بپرجوائے کا بھارتی گجرات میں لینڈ فال

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کرلیا ہے، طوفان کیٹی بندر سے 125 کلو میٹر جنوب اور جنوب مغرب میں ہے، طوفان پہلے کمزور ہوکر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔


مزید خبریں :