16 جون ، 2023
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا جماعتوں پر اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں آکر اپنا مؤقف رکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا تھا، میری بہت سی باتیں پارٹی تسلیم نہیں کرتی، ان کو دل سے نہیں لگانا چاہیے۔
یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل مختلف ٹاک شوز میں موجودہ حکومت اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کے حوالے سے پالیسیز کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے جیو پولیٹکس سے متعلق بیان پر کہا تھا یہ بات درست ہےکہ جیو پولیٹکس ہوتی ہے مگر یہ جیو پولیٹکس ستمبر میں تو شروع نہیں ہوئی۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا اچھا بیٹس مین سوئنگ بولنگ کو کھیلتا ہے اُسے آؤٹ ہونے کے بہانے کے طور پر پیش نہیں کرتا، جیو پولیٹکس کے ہوتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کرنا ہی وزیر خزانہ کا کام ہے۔
آج وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔