Time 17 جون ، 2023
پاکستان

نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والا ایجنٹ کراچی ائیرپورٹ سےگرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والا ایجنٹ کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم ساجد محمود  آذربائیجان فرار  ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا، جس پر تفتیش جاری ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سسٹم میں ہٹ ہوا جس کے باعث ایف آئی اے نے آف لوڈ کیا، گرفتار ملزم کانام اسٹاپ لسٹ میں موجود ہے، ملزم کو ایف آئی اے گجرات کے حوالےکیا جائےگا، ملزم کے خلاف ایف آئی اے گجرات میں مقدمہ درج ہے۔

خیال رہے کہ یونان کی سمندری حدود میں چند روز قبل کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 79 افراد ہلاک ہوئے تھے، واقعے میں لاپتہ ہونے والے 50 افراد کا تعلق آزاد جموں کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ڈوبنے والی کشتی میں سے 28 افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا جن میں سے 14 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

یونانی حکام نے کوسٹ گارڈز کی جانب سے تارکین وطن کی کشتی کو رسی سے باندھنے کے باعث کشتی ڈوبنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

مختلف حلقوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں کی جانب سے کشتی کو رسی سے باندھنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے باعث کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا، جب کہ کشتی میں سوار دو تارکین وطن مسافروں نے بھی اس حوالے سے بتایا تھا۔

مزید خبریں :