18 جون ، 2023
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد کل 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائےگی۔
کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم پشاور، نوشہرہ، مہمند، ہنگو میں چلائی جائے گی جب کہ خیبر، کوہاٹ اورچارسدہ میں بھی انسدادپولیومہم کل سے چلائی جائے گی۔
کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پاک افغان مہاجرکیمپس، مخصوص یونین کونسلز میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے14 ہزارپولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں بھی پولیو وائر س کی تصدیق
ادھر رواں ماہ کراچی میں بھی پولیو وائر س کی تصدیق ہوئی جس کے بارے میں ترجمان محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیو وائرس ٹائپ ون کی پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری نے تصدیق کی ہے اور ضلع شرقی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
جب کہ اس سے قبل گزشتہ سال اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور کے سیوریج سیمپلز میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔