بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا تھا، بلاول کی وارننگ پر احسن اقبال کا ردعمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور  وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیاگیا تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔

نارووال میں میں تقریب سے خطاب کے دوران  بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف کو وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم کی قیادت میں کوشش کر رہے ہیں کہ تمام فیصلے اتفاق سےکیے جائیں، وزیر اعظم نے ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو ہر فیصلے میں شریک کیا، بجٹ کی تیاری میں بھی تمام اتحادیوں کو شامل کیاگیا تھا۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  اتحادی حکومت کے فائدے اور نقصان بھی ہوتے ہیں، ہم نے بجٹ سمیت ہر فیصلے میں اتحادیوں کو شریک رکھا، پاکستان میں ترقی کےمنصوبوں کو بحال کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو  نے سوات میں جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورےنہ کرنےکا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسا نہ ملا تو پیپلزپارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دےگی۔

وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا: بلاول کا الزام

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام بھی لگایا اور کہاکہ وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں مخصوص افراد کا خیال رکھتی ہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس کل طلب

دوسری جانب  آئندہ مالی سال کے بجٹ پرحکومتی اتحاد کی دو بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں اختلافات کے معاملے پر  وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں  وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزرا اور ماہرین شریک ہوں گے۔

مزید خبریں :