Time 18 جون ، 2023
کھیل

دو سال بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے معین علی پر جرمانہ عائد

معین علی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔ فوٹو آئی سی سی
معین علی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔ فوٹو آئی سی سی

دو سال بعد انگلینڈ کی طرف سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر معین علی پر  آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معین علی کرکٹ کونسل کے کھلاڑیوں کے حوالے سے بنائے گئے ضابطے 2.20 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر انہیں میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معین علی کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

معین علی پر جرمانہ کیوں ہوا؟

ایجبسٹن میں جاری ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلیا کی اننگز کے 89 ویں اوور میں باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کرتے معین علی بولنگ کروانے والے ہاتھ پر کوئی چیز لگاتے دیکھے گئے۔

آئی سی سی کے مطابق معین علی نے میچ ریفری کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو قبول بھی کر لیا جس کے باعث معاملے کی مزید سماعت کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

میچ ریفری کی جانب سے بتایا گیا کہ معین علی نے اپنے ہاتھ خشک کرنے کے لیے کریم کا استعمال کیا، کریم گیند پر استعمال نہیں کی گئی لہذا اس سے گیند کی شکل میں کسی قسم کی تبدیلی واقع نہیں ہوئی، گیند کی شکل تبدیل کرنے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 43.1 لاگو ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ معین علی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 18 رنز اسکور کیے تھے اور بولنگ میں دو وکٹیں بھی لی تھیں۔

مزید خبریں :