Time 19 جون ، 2023
پاکستان

یونان کشتی سانحہ: ایف آئی اے نے ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کرلیا

گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے، ملزم رقم لیبیا میں مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا: ایف آئی اے/ فائل فوٹو
گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے، ملزم رقم لیبیا میں مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا: ایف آئی اے/ فائل فوٹو

گجرات: یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے سانحہ کے بعد اس میں ملوث ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور ایجنٹ کی گجرات سے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ایف آئی اے حکام کابتانا ہےکہ گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے، ملزم رقم لیبیا میں مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر گرفتار کیاگیا جس سے مرکزی انسانی اسمگلرز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستانیوں کو یورپ بھیجنے کیلئے کونسے 2 روٹس اختیار کیے جاتے ہیں؟

پاکستان سے یورپ انسانی اسمگلنگ کا خونی کھیل گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے، انسانی اسمگلرز لوگوں کو پاکستان سے یورپ بھیجنے کے لیے 2 مختلف روٹ اختیار کرتے ہیں۔

غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کے لیے پہلے اور قدیم روٹ کو 'ترکی روٹ' کہا جاتا ہے اس میں انسانی اسمگلرز لوگوں کو بلوچستان کے تفتاں بارڈر سے ایران اور پھر ایران سے مکو پہاڑی کے راستے ترکی لے جاتے ہیں۔ مکمل تفصیل پڑھیں۔۔

فوٹو: سوشل میڈیا/انفو مائیگرینٹس
فوٹو: سوشل میڈیا/انفو مائیگرینٹس

 بچ جانیوالے مسافروں کے سنسنی خیز انکشافات

ایتھنز: یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک حادثے میں بچ جانے والے مسافروں نے حادثے میں پاکستانیوں زیادہ اموات ہونے سے متعلق سنسنی خیز انکشاف کیے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یونان کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی کشتی کے بچ جانے والے مسافروں نے کوسٹ گارڈز سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستانی مسافروں کو کشتی کے نچلے حصے میں جانے پر مجبور کیا گیا جبکہ دوسری قومیت والوں کو کشتی کے اوپری حصے میں جانے کی اجازت تھی۔ مکمل تفصیل پڑھیں۔۔

حادثہ کب پیش آیا؟

یونان کے ساحلی علاقے میں 14 جون بروز بدھ کو کشتی ڈوبنے کا حادثہ ہوا تھا۔

کشتی ڈوبنے سے 78 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 104 کو بچا لیا گیا تھا، کشتی میں پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 750 تارکین وطن سوار تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی اُلٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کی ہے، واقعے کی تحقیقات کے لیے4 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کےخلاف گھیراتنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئےگھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور سزا دینےکی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :