20 جون ، 2023
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملے پر بھی ن لیگ سے اپنا مؤقف منوانے میں کامیاب ہوگئے، وزیراعظم شہباز شریف نے ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی بنانے کیلئے ان کی گورننگ بورڈ کی رکنیت کی منظوری دے دی۔
پیپلزپارٹی نے چند روز پہلے ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی بنانے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد آج وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی تعیناتی کیلئے بورڈ آف گورنرز کیلئے ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کے ناموں کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد ذکا اشرف کے ساتھ مصطفیٰ رمدے کا دوسرا نام بھی بورڈ آف گورنرزکوبھجوایا گیا۔ ان دوناموں کے ساتھ بورڈ آف گورنرز کی تعداد 10 ہو گئی۔
چار ڈیپارٹمنٹ اور 4 ایسوسی ایشن کے ممبران بورڈ آف گورنرز میں شامل ہونگے جس کے بعد پی سی بی کا الیکشن ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر پی سی بی انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے اور رواں ہفتے ہی چیئرمین پی سی بی منتخب ہوجائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کے عہدے کی معیاد 21 جون کو ختم ہوجائے گی اور آج ہی منیجمنٹ کمیٹی کو تحلیل کردیا گیا ہے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق چیئرمین ذکا اشرف ایک بار پھر چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ بلاول نے اس سے قبل وفاقی حکومت کو وارننگ دی تھی کہ اگر سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز نہ دیے گئے تو بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب روپےکی منظوری دے دی تھی۔