21 جون ، 2023
نامور ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے دوران شو مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر یوٹیوبر نادر علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ اس کے برعکس اس صورتحال کو اچھے سے ہینڈل کرنے پر سنیتا مارشل کی تعریفیں ہورہی ہیں۔
کچھ روز قبل سنیتا مارشل نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر نے ان سے انتہائی ذاتی نوعیت کے سوال کر ڈالے، پہلے انہوں نے بچوں کے مذہب سے متعلق پوچھا اورپھر سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کرلیا۔
جواباً سنیتا نے کہا کہ فی الحال ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، نہ ان پر سسرال کی جانب سے کسی قسم کا دباؤ ہے۔
نادر نے مزید کہا کہ اللہ آپ کو ہدایت دے اور مسلسل اس قسم کے سوالات کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث اداکارہ انتہائی غیر آرام دہ صورتحال میں نظر آئیں۔
ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو جہاں نادر کے رویے کو معروف شوبز شخصیات نے تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس موضوع کو حساس قرار دیتے ہوئے نادر پر تنقید کی۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے نادر علی کو احمق قرار دیا، کچھ نے انہیں تنگ ذہن شخص بھی کہا اور ساتھ ہی ان کے پوڈکاسٹ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔
شوبز شخصیات کا ردعمل:
اداکارہ نادیہ افگن نے اس حوالے سے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا 'سنیتا مارشل آپ پر مجھے فخر ہے جس طرح بہادری سے آپ نے اس قسم نے سوالات کے جواب دیے'۔
ساتھ ہی نادیہ نے نادر علی کو مینشن کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔
سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا 'اللہ ہدایت آپ جیسے پوڈ کاسٹ کو دے'، اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ 'آپ ایک مہمان کو شو میں مدعو کرتے ہیں یا کسی مجرم کو کٹہرے میں؟ حد ہے ایسے اسکرپٹ اور ایسے اگلوانے کی'۔
متھیرا نے بھی اس سوالات سے متعلق اعتراض کیا اور کہا یہ کس قسم کے سوال تھے؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا نادر کو یہ سب بند کرنا چاہیے جس سے اس کے مہمان شو میں آرام دہ محسوس نہ کریں۔
اداکار فہد شیخ نے سنیتا مارشل کو اس صورتحال سے گزرنے پر سلیوٹ کیا جب کہ نادر کے لیے کہا کہ 'اپنے پرینکس تک محدود رہیں'۔
واضح رہے کہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی سنیتا مارشل نے 2008 میں اداکار حسن احمد سے شادی کی تھی جن کے اب دو بچے ہیں، بیٹے کی عمر 14 سال جب کہ بیٹی کی عمر 10 سال ہے۔
سنیتا مارشل نے 2000 میں شوبز میں قدم رکھا تھا، ابتدائی سالوں میں انہوں نے ماڈلنگ کی جس میں انہیں کافی پذیرائی ملی۔