Time 23 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

سنیتا مارشل سے مذہب تبدیلی سے متعلق سوالات: نادر علی نے معافی مانگ لی

نادر نے پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران اداکارہ سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کیا تھا/ فائل فوٹو
نادر نے پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران اداکارہ سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کیا تھا/ فائل فوٹو

یوٹیوبر نادر علی نے  پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دورن اداکارہ سنیتا مارشل سے مذہب تبدیلی سے متعلق سوالات پر معافی مانگ لی۔

کچھ روز قبل  اداکارہ سنیتا مارشل نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی تھی جس میں نادر نے اداکارہ سے بچوں کے مذہب سے متعلق  گفتگو کی اورپھر سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کیا تھا؟ 

بعدازاں نادر نے کہا تھا کہ اللہ آپ کو ہدایت دے اور مسلسل اس قسم کے سوالات کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث اداکارہ انتہائی غیر آرام دہ صورتحال میں نظر آئی تھیں۔

جواباً اداکارہ سنیتا نے سنبھل کر جواب دینا مناسب سمجھا تھا تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نادر کو نہ بخشا گیا اور یوٹیوبر پر سخت تنقید کی گئی،یہاں تک کہ کچھ صارفین نے ان کا شو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا ۔

کڑی تنقید کے بعد نادر علی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے معافی مانگی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر  جاری بیان میں نادر علی لکھا کہ’ پوڈ کاسٹ کے دوران میرا ارادہ سنیتا مارشل یا کسی  بھی شخص کی دل آزاری کرنے کا نہیں تھا، یہ بس میری دلچسپی تھی جس کے تحت میں نے  سنیتا سے اسلام قبول کرنے کے ارادے سے متعلق سوال کیے، مذہب ایک ذاتی انتخاب ہے اور میں تمام مذہب کے لوگوں کا احترام کرتا ہوں‘۔

یوٹیوبر نے مزید کہا  ’یہ میری اور باقی ایک اعشاریہ 9  بلین مسلمانوں کی خواہش ہے کہ باقی مذاہب کے افراد دائرہ اسلام میں آئیں مگر اپنی مرضی کے ساتھ، اگر اب بھی میرے کسی الفاظ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں‘۔

نادر کے مذہب تبدیلی سے متعلق سوالات کے بعد اداکارہ نے کیا کہا تھا؟

 شو کا کلپ وائرل ہونے کے بعد اپنے لیے سپورٹ اور میزبان پر تنقید سے متعلق سنیتا مارشل نے سوشل میڈیا بیان  میں کہا تھا کہ ’مجھے سپورٹ کرنے کے لیے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، میں آپ سب سے یہ بھی درخواست کروں گی کہ برائے مہربانی انٹرویو لینے والے کو مزید ہراساں نہ کریں، میں شو کے تمام میزبانوں جو انٹرویو لیتے ہیں، انہیں کہنا چاہوں گی کہ برائے مہربانی مستقبل میں اس قسم کے ذاتی نوعیت کے سوالات مت کیجیے گا‘۔

خیال رہے کہ  سنیتا مارشل عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں اوران کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں، کئی شوز میں سنیتا اعتراف کرچکی ہیں کہ ان کے دونوں بچے اسلام کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں جس کا فیصلہ شادی سے پہلے ہی جوڑے نے کرلیا تھا۔

مزید خبریں :