23 جون ، 2023
امریکی اینیمیٹڈ سیریز دی سمپسنز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے کئی بار مستقبل کے واقعات کی درست پیشگوئیاں کی ہیں۔
اب ایک بار پھر اس شو کے مداحوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دی سمپسنز نے 2006 کی ایک قسط کے دوران ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب جاتے ہوئے تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کے بارے میں درست پیشگوئی کی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ شو کی اس قسط کا موازنہ گمشدہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز سے کیا جا سکتا ہے جس کا ملبہ 22 جون کو دریافت کیا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دی سمپسنز کے پروڈیوسر مائیک ریس بھی ٹائٹن آبدوز میں ٹائی ٹینک کا سفر کر چکے ہیں، مگر شو کی یہ قسط بہت پہلے نشر ہوئی تھی۔
دی سمپسنز کے سیزن 17 کی 10 ویں قسط میں ہومر سمپسن کو اپنے والد کے ساتھ سمندر میں ایک خزانے کی تلاش کے لیے جاتے ہوئے دکھایا گیا۔
شو میں دکھایا گیا بحری جہاز بھی ٹائی ٹینک کی طرح 2 ٹکڑوں میں تقسیم تھا۔
پھر ہومر سمپسن کی آبدوز ایک جگہ پھنس جاتی ہے اور بار بار آکسیجن کی کمی کی وارننگ ظاہر ہونے لگتی ہے۔
بتدریج وہ بے ہوش ہو جاتا ہے اور پھر اس کی آنکھ اسپتال میں کھلتی ہے۔