Time 25 جون ، 2023
کھیل

ورلڈکپ کوالیفائر: ویسٹ انڈیز سے شاندار فتح، زمبابوے مسلسل 3 میچز جیت کر سرِ فہرست

فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے کوالیفائر راؤنڈ کے 13ویں میچ میں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو 35 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔

ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بولنگ کا انتخاب کیا، زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور کی پانچویں گیند پر 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 سکندر رضا نے 58 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ آل راؤنڈر نے 36 رنز دے کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور دو کیچ کیے، سکندر رضا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنر کائل میئرز نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں روسٹن چیز 44، نکولس پورن 34 اور شائی ہوپ کے 30 رنز کے علاوہ کوئی اور بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 45ویں اوور میں 233 رنز بنا آؤٹ ہوگئی اور اسے اہم میچ میں 35 رنز سے شکست ہوگئی۔ 

تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی،  اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔

گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای کو شامل کیا گیا ہے۔

گروپ  اے کا پوائنٹس ٹیبل:

تاہم 18 جون سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے اب تک کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو زمبابوے 3 میچز کھیلا ہے اور تینوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر 4 پوائنٹس کے ساتھ نیدرلینڈز ، 4 پوائنٹس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز تیسرے، 2 پوائنٹس کے ساتھ نیپال چوتھے جب کہ امریکا بغیر کسی پوائنٹ کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر ہے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

گروپ بی کا پوائنٹس ٹیبل:

گروپ بی میں سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ 4،4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، عمان 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جب کہ آئرلینڈ اور یو اے ای کوئی بھی میچ نہیں جیت سکے اسی لیے ان کا اسکور صفر ہے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد ورلڈ کپ 2023 میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کا نام فائنل ہوجائے گا۔

مزید خبریں :