Time 25 جون ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی نے میئر کراچی کے الیکشن میں غیرحاضر مزید 6 نمائندے پارٹی سے نکال دیے

اس سے قبل پی ٹی آئی نے 11 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا تھا اور اب تک 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا جاچکا ہے— فوٹو:فائل
اس سے قبل پی ٹی آئی نے 11 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا تھا اور اب تک 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا جاچکا ہے— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئر کے الیکشن میں غیر حاضر ہونے پر اپنے مزید 6 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکال دیا۔

 صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد نے شوکاز کے ایک جیسے جواب جمع کرائے تھے جو اطمینان بخش نہیں تھے۔

نکالے جانے والے نمائندوں میں صدرٹاؤن کے علی رضا اور کورنگی ٹاؤن کے سلمان خان، صدرٹاؤن یوسی ون کے چیئرمین عمران پروانی اور موررومیربحرٹاؤن کے عبدالمجید، اورنگی ٹاؤن یوسی 5 کے چیئرمین ملک اختر اور یوسی 7 مومن آباد محمدادریس شامل ہیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی نے 11 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا تھا اور اب تک 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم پی ٹی آئی میں 30 یوسی چیئرمینز پر مشتمل فارورڈ بلاک سامنے آیا تھا جس نے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے اور الیکشن کے دن غیرحاضر رہنے کا اعلان کیا تھا۔

میئر کے انتخاب والے روز پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک کے ارکان نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا جس کے باعث پی پی کا میئر بآسانی منتخب ہوگیا۔

مزید خبریں :