25 جون ، 2023
راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے ایک ہفتے کے دوران 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اموات ایک ہفتے کے دوران رپورٹ ہوئیں، گرمی جانیں لے گئی مگر اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز کے ایئر کنڈیشن اب تک خراب ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پمز اسپتال میں بھی جمعے اور ہفتےکو شدید گرمی کے باعث چند اموات بھی ہوئیں جبکہ اسپتال کی فارمیسی میں جان بچانے والی سینکڑوں ادویات، ویکسن اور لیکویڈز خراب ہونےکا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق 4 افراد کو پمز اسپتال لایا گیا، بدھ کو ہیٹ اسٹروک سے 3 افراد اور جمعرات کو ایک شخص کی موت ہوئی، ہیٹ اسٹروک سے ایک موت روات اور ایک بگا کے علاقےمیں ہوئی، کلرسیداں کے علاقے میں بھی ہیٹ اسٹروک سے ایک ہلاکت ہوئی۔
ایمرجنسی، سرجیکل، سی سی یو اور آئی سی یو کا کولنگ سسٹم کئی ماہ سے سروس سے محروم ہے، کئی ڈاکٹر بھی ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔
ایئرکنڈیشن ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے ینگ ڈاکٹرز نے ای ڈی آفس کے سامنے احتجاج بھی کیا اور کہا کہ انتظامیہ کے آفسز کے اے سی بھرپور کام کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کے ایئر کنڈیشن کی کئی ماہ سے ٹیونگ نہیں کی گئی جبکہ ترجمان وزارتِ صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کولنگ سسٹم میں بہتری کے لیے کام جاری ہے۔
گزشتہ چند روز اسلام آباد میں شدید گرمی کا راج رہا، ہفتے کو اسلام آباد میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی 48 ڈگری محسوس کی گئی۔