Time 26 جون ، 2023
دنیا

’چلچلاتی گرمی کے باوجود تاریخ کا سب سے بڑا حج ‘، کتنے لاکھ حاجی شرکت کرینگے؟

گزشتہ جمعہ تک 16 لاکھ عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودیہ عرب پہنچ چکے تھے/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
گزشتہ جمعہ تک 16 لاکھ عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودیہ عرب پہنچ چکے تھے/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

لاکھوں کی تعداد میں حج  ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچے حاجیوں نے  آج  تاریخ کے سب سے بڑے حج کا آغاز  کر دیا ہے۔ 

غیر ملکی خبر رساں  ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق  رواں برس عازمین حج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرتے ہوئے ماضی کے ریکارڈ  توڑ سکتی ہے۔

عازمین حج کی اس ریکارڈ ساز  تعداد میں 160 ممالک سے سعودی عرب پہنچے افراد شامل  ہیں، چنانچہ رواں برس کا حج تاریخ کا سب سے بڑا حج قرار دیا جاسکتا ہے۔

رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے 

سعودی وزارت حج وعمرہ کے عہدیدار کی پیشگوئی کے مطابق اگر  چیزیں منصوبے کے مطابق رہیں تو رواں برس ہم تاریخ کا سب سے بڑ ا حج دیکھیں گے، سعودی وزارت حج وعمرہ کے اہلکار  نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعے تک  دنیا بھر  سے 16 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچ  چکے تھے۔

فوٹوبشکریہ عرب میڈیا
فوٹوبشکریہ عرب میڈیا

ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی عازمین

 امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے رواں برس ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، پاکستانی حکام کے مطابق منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کیےگئے ہیں، شعبہ گمشدگی وبازیابی، رہنمائی، شکایات اور مانیٹرنگ  ڈیسک24 گھنٹے کام کریں گے۔

ہمارے 67 ہوٹلوں میں کوئی بھی  کمرہ خالی نہیں: سعودی کاروباری شخصیت

سعودیہ کی ایک کاروباری شخصیت کے مطابق  رواں حج سیزن کے دوران ہمارے 67 ہوٹلوں میں کوئی ایک کمرہ خالی نہیں ہے۔

دوسری جانب  65 سالہ مصری شہری عبدالعظیم نے دوران طواف بتایا کہ  میں اپنی زندگی کے خوبصورت ترین ایام بسر کر رہا ہوں، میرے خواب کو تعبیر مل گئی ہے، میں نے حج کی ادائیگی کے لیے 20 سال تک بچت کرکے 6 ہزار ڈالر جمع کیے ۔

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

مناسکِ حج کا آغاز

مناسکِ حج کا آغاز آج  سے ہوگیا ہے، عازمینِ حج آج نماز ظہر سے پہلے مِنیٰ پہنچ چکے ہیں، مِنیٰ میں عازمین کیلئے خیموں کی بستی بسا دی گئی، عازمین رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے۔

منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے جبکہ حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ منگل کو ادا کیا جائے گا۔

مزید خبریں :