27 جون ، 2023
کراچی کے جناح اسپتال میں خاتون کی لاش چھوڑ کر جانے کے کیس میں پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
تین روز قبل ڈیفنس میں ڈانس پارٹی کے دوران نشے کی زیادتی کی وجہ سے جاں بحق ہونے والی خاتون عائشہ کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، عائشہ کی موت کا مقدمہ ان کے والد سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ عائشہ کو اسپتال چھوڑ کر جانے والے جبران سلیم عرف جیری، پنکی نامی خاتون اور علی نامی شخص کے خلاف قتل بالسبب کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں سمیر نامی شخص کا بھی ذکر ہے۔
مقدمے کے متن میں سلطان نے بتایا کہ اسے پنجاب اوکاڑہ میں فون پر اطلاع ملی کہ اس کی بیٹی ڈانس پارٹی میں نشے کی زیادتی کی وجہ سے جاں بحق ہوئی ہے، جبران عرف جیری، علی اور پنکی عائشہ کو ڈیفنس فیز 2 سن سیٹ بلیورڈ میں ڈانس پارٹی میں لے کر گئے جہاں پر سمیر نامی شخص پہلے سے موجود تھا۔
جبران عرف جمی کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت کرکے ڈیفنس میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا ۔
اس سے قبل لڑکی کی ساس اور شوہر کو بھی پولیس حراست میں لے چکی ہے جب کہ واقعے میں جو گاڑی استعمال کی گئی تھی اسے کرائے پر حاصل کرنے والا شخص بھی پولیس کی حراست میں ہے ۔
تاہم پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔
البتہ اب بھی کچھ سوالات ہیں جن کا پولیس جواب نہیں دے سکی، جیسا کہ ڈانس پارٹی کے لیے استعمال ہونے والا گھر کس کا تھا؟ ڈانس پارٹی میں نشہ آور اشیاء کون لے کر آیا؟ پہلے سے موجود شخص سمیر کون ہے؟ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کو کب گرفتار کیا جائےگا؟