27 جون ، 2023
بلوچستان میں بجلی کا شارٹ فال 1700میگاواٹ سے تجاوز کرگیا جس کے باعث 8 گھنٹے سے لیکر 18گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔
بلوچستان میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کی وجہ صوبے کیلئے دستیاب بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہے۔
صوبے کو 2300 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے لیکن قومی گرڈ سے صرف 600 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے، تقریباً 17 سو میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ بجلی کے وولٹیج میں کمی بیشی کی شکایات بھی عام ہیں جس سے فریج، ٹی وی اور یو پی ایس خراب ہو رہے ہیں۔
ادھر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ فورس لوڈشیڈنگ، شٹ ڈاؤن اور فنی خرابی کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھا دی گئی ہے۔
صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر ترجمان کیسکو کا کہنا ہےکہ جن علاقوں میں بلوں میں ریکوری کم ہے وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔