29 جون ، 2023
کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کی وجہ سے ہوٹلوں کےکرائے 10 گنا بڑھ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹلوں کی بکنگ مشکل ہوگئی ہے اور کرایوں میں ایک لاکھ روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت میچ 15 اکتوبرکو احمد آباد میں شیڈولڈ ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جب سے پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ اور وینیو کا اعلان ہوا ہے تب سے احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، متعدد ہوٹلوں کی ویب سائٹس پر ہوٹلوں کے کمروں کےکرائے میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، احمد آباد میں ہونے والے میچ میں کرکٹ شائقین کی غیر معمولی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، عام دنوں میں پانچ ہزار روپے میں ملنے والا کمرہ اب چالیس ہزار روپے میں بُک ہو رہا ہے جب کہ لگژری ہوٹلز میں کمروں کا کرایہ ایک لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
بھارتی ویب سائٹس کے بکنگ پورٹل پر دو جولائی کو جو روم 5 ہزار 699 بھارتی روپے میں بُک ہو رہا تھا وہ میچ ڈے پر 71ہزار 999 روپے میں بُک ہو رہا ہے، ایک اور ہوٹل کا کمرہ جو عام دنوں میں 8 ہزار روپےکا ملتا ہے وہ میچ ڈے پر 90 ہزار 679 روپے میں بک ہو رہا ہے، اس کے علاوہ عام ہوٹلوں کے کمروں کے کرائے بھی 30 ہزار روپے تک بتائے جا رہے ہیں، معروف فائیو اسٹار ہوٹلز میں میچ ڈے (15 اکتوبر) کو کمرے دستیاب ہی نہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ زیادہ تر بھارت اور ریاست سے باہر کے لوگوں کی بکنگ میں دلچسپی کی وجہ سے کمروں کے کرائے میں اضافہ ہوا ہے۔