Time 30 جون ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک اور انسٹاگرام فیڈز کیلئے اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ گیا

کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا ایپس میں نئی تبدیلیان کی جا رہی ہیں / فائل فوٹو
کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا ایپس میں نئی تبدیلیان کی جا رہی ہیں / فائل فوٹو

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال اب کافی عام ہوتا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹاگرام میں اس حوالے سے صارفین کو زیادہ اختیار فراہم کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو صارفین کی دلچسپی کے مواد کو فیڈ پر دکھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لیے یہ ٹیکنالوجی صارف کی جانب سے لائیک، شیئر یا کمنٹ کی جانے والی پوسٹس کو مدنظر رکھتی ہے۔

مگر اب میٹا کی جانب اعلان کیا گیا ہے کہ اس کی سوشل میڈیا ایپس میں اے آئی کے استعمال کے تجربے کو زیادہ شفاف بنایا جائے گا اور اگر صارف کو کچھ غلطی محسوس ہو تو اسے تبدیلی کا اختیار حاصل ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے 22 سسٹم کارڈز کو جاری کیا جا رہا ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو کیسے استعمال کرکے انسٹاگرام اور فیس بک فیڈز پر مواد دکھاتی ہے۔

اب صارف کو زیادہ اختیار فراہم کیا جا رہا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا
اب صارف کو زیادہ اختیار فراہم کیا جا رہا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کی جانب سے ان تفصیلات کو زیادہ قابل رسائی بنانے کے لیے انہیں Why am I seeing this فیچر تک توسیع دی جا رہی ہے۔

میٹا کی جانب سے صارف کو اپنی مرضی کے مواد پر مبنی پوسٹس زیادہ دکھانے کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام پر نئے آپشنز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر صارف یہ بتا سکے گا کہ کس طرح کے مخصوص مواد کو زیادہ دیکھنے کا خواہشمند ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ طاقتور ٹیکنالوجیز جیسے جنریٹیو اے آئی میں پیشرفت سے لوگ نئے مواقعوں کے حوالے سے پرجوش ہیں جبکہ ممکنہ خطرات ان کو تشویش زدہ کر رہے ہیں، مگر ہمارا ماننا ہے کہ ان خدشات کی روک تھام شفافیت سے ممکن ہے۔

مزید خبریں :