02 جولائی ، 2023
آسٹریلین کھلاڑیوں کو انگلش وکٹ کیپر بیٹر جونی بیئرسٹو کو رن آؤٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کھانے کے وقفے کے دوران انگلش شائقین کی جانب سے آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ممبران نے لانگ روم میں آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے لگائے، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کا لانگ روم میں ایم سی سی ممبران سے سامنا ہوا، عثمان خواجہ کو آسٹریلوی کھلاڑی نے لانگ روم میں جملوں کا تبادلہ کرنے سے روکا۔
لارڈز ٹیسٹ کے پانچویں روز الیکس کیری نے جونی بیئرسٹو کو متنازع طریقے سے رن آؤٹ کر دیا تھا، فیلڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ تھرڈ امپائر کی جانب بھیجا گیا اور تھرڈ امپائر نے انگلش بیٹر کو آؤٹ قرار دیدیا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے لارڈز کے لانگ روم میں جملوں کے تبادلے پر میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) سے رابطہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے ایم سی سی سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایم سی سی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ چند ایم سی سی ممبران کا جملوں کا تبادلہ ہوا، ایم سی سی نے کرکٹ آسٹریلیا سے معافی مانگ لی ہے، جملوں کا تبادلہ دوبارہ نہیں ہوا، کسی کو گراؤنڈ سے نکالنا مناسب نہیں ہو گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم سی سی ممبران نے آسٹریلوی کھلاڑیوں سے مبینہ طور پر بدزبانی کی، آسٹریلوی کھلاڑیوں سے ایم سی سی ممبران نے مبینہ طور پر ہاتھا پائی کی کوشش کی ۔